No. 1

جس دیس سے ماؤں بہنوں کو

اغیار اٹھا کر لے جائیں

جس دیس سے قاتل غنڈوں کو

اشراف چھڑا کر لے جائیں

جس دیس کی کورٹ کچہری میں

انصاف ٹکوں پر بکتا ہو

جس دیس کا منشی قاضی بھی

مجرم سے پوچھ کے لکھتا ہو

جس دیس کے چپے چپے پر

پولیس کے ناکے ہوتے ہوں

جس دیس کے مندر مسجد میں

ہر روز دھماکے ہوتے ہوں

جس دیس میں جاں کے رکھوالے

خود جانیں لیں معصوموں کی

جس دیس میں حاکم ظالم ہوں

سسکی نہ سنیں مجبوروں کی

جس دیس کے عادل بہرے ہوں

آہیں نہ سنیں معصوموں کی

جس دیس کی گلیوں کوچوں میں

ہر سمت فحاشی پھیلی ہو

جس دیس میں بنت حوا کی

چادر بھی داغ سے میلی ہو

جس دیس میں آٹے چینی کا

بحران فلک تک جا پہنچے

جس دیس میں بجلی پانی کا

فقدان حلق تک جا پہنچے

جس دیس کے ہر چوراہے پر

دو چار بھکاری پھرتے ہوں

جس دیس میں روز جہازوں سے

امدادی تھیلے گرتے ہوں

جس دیس میں غربت ماؤں سے

بچے نیلام کراتی ہو

جس دیس میں دولت شرفاء سے

نا جائز کام کراتی ہو

جس دیس کے عہدیداروں سے

عہدے نہ سنبھالے جاتے ہوں

جس دیس کے سادہ لوح انساں

وعدوں پہ ہی ٹالے جاتے ہوں

اس دیس کے ہر اک لیڈر پر

سوال اٹھانا واجب ہے

اس دیس کے ہر اک حاکم کو

سولی پہ چڑھانا واجب ہے

No. 2

مجھ سے پہلی سی محبت مری محبوب نہ مانگ

میں نے سمجھا تھا کہ تو ہے تو درخشاں ہے حیات

تیرا غم ہے تو غم دہر کا جھگڑا کیا ہے

تیری صورت سے ہے عالم میں بہاروں کو ثبات

تیری آنکھوں کے سوا دنیا میں رکھا کیا ہے

تو جو مل جائے تو تقدیر نگوں ہو جائے

یوں نہ تھا میں نے فقط چاہا تھا یوں ہو جائے

اور بھی دکھ ہیں زمانے میں محبت کے سوا

راحتیں اور بھی ہیں وصل کی راحت کے سوا

ان گنت صدیوں کے تاریک بہیمانہ طلسم

ریشم و اطلس و کمخاب میں بنوائے ہوئے

جا بہ جا بکتے ہوئے کوچہ و بازار میں جسم

خاک میں لتھڑے ہوئے خون میں نہلائے ہوئے

جسم نکلے ہوئے امراض کے تنوروں سے

پیپ بہتی ہوئی گلتے ہوئے ناسوروں سے

لوٹ جاتی ہے ادھر کو بھی نظر کیا کیجے

اب بھی دل کش ہے ترا حسن مگر کیا کیجے

اور بھی دکھ ہیں زمانے میں محبت کے سوا

راحتیں اور بھی ہیں وصل کی راحت کے سوا

مجھ سے پہلی سی محبت مری محبوب نہ مانگ

No. 3

دونوں جہان تیری محبت میں ہار کے

وہ جا رہا ہے کوئی شب غم گزار کے

ویراں ہے مے کدہ خم و ساغر اداس ہیں

تم کیا گئے کہ روٹھ گئے دن بہار کے

اک فرصت گناہ ملی وہ بھی چار دن

دیکھے ہیں ہم نے حوصلے پروردگار کے

دنیا نے تیری یاد سے بیگانہ کر دیا

تجھ سے بھی دل فریب ہیں غم روزگار کے

بھولے سے مسکرا تو دیے تھے وہ آج فیضؔ

مت پوچھ ولولے دل ناکردہ کار کے